خضدار: یوم پاکستان کے موقع پر خضدار میں مختلف تقریبات کا انعقاد،کمشنر قلات ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی،ڈپٹی کمشنر خضدار کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیداران کی شرکت،جبکہ جھالاوان عوامی پینل کی جانب سے بھی ریلی کا انعقاد،یوم پاکستان پر پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے عزم کا اظہار،تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان 23 مارچ کو ملک کے دیگر علاقوں کی طرح خضدار میں ملی یکجہتی کے طور پر منایا گیا،صبح نو بجے ڈپٹی کمشنر خضدار آفس کے سبزہ زارمیں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔
کمشنر قلات ڈویژن مدثر وحید ملک نے پرچم کشائی کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار ولی محمد بڑیچ، ایس ایس پی خضدار محمد طارق خان خلجی،اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمیل احمد بلوچ،تحصیلدار خضدار شہزاد زہری،ناظم جنگلات قلات ڈویژن محمد اقبال زہری،ایکسین پی ایچ ای شیر محمد بلوچ،لائیو اسٹاک آفسر ڈاکٹر لیاقت ساجدی،ڈپٹی ڈائریکٹر مارکیٹ کمیٹی محمد ایوب،جنگلات آفسر خضدار اویس اکبر زہری۔
قبائلی رہنماوں میر فیاض احمد زنگیجو،حاجی محمد عالم جتک اور دیگر بھی شامل تھے دریں اثناء ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا ریلی چمروک خضدار سے برآمد ہو کر چاندنی چوک کے مقام پر اختتام پزیر ہوا ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر خضدار ولی محمد بڑیچ،ایس ایس پی خضدار محمد طارق خلجی،اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمیل احمد بلوچ کر رہے تھے۔
جس میں پاکستان پیپلز پارٹی،بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) جھالاوان عوامی پینل،بلوچستان عوامی پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنان ہندو پنچائیت کے رہنماوں،انجمن تاجران کے عہدیداران اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سہیل الرحمن ھال خضدار میں بھی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔