کوئٹہ: پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم)اتحاد میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کا وفد آج آصف زداری، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن سے الگ الگ ملاقات کرکے سردار اختر مینگل کا اہم پیغام پہنچائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسابق سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، سیکرٹری اطلاعات ورکن قومی اسمبلی آغاحسن بلوچ،سابق رکن قومی اسمبلی میر عبدالرؤف مینگل، واجہ جہانزیب بلوچ پر مشتمل وفد بلاول ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے مرکزی قیادت سے ملاقات کرکے سردار اختر مینگل کا پیغام پہنچائیں گے۔
وفد پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی قیادت،پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ان کی رہائش گاہوں پر جاکر ملاقات میں انہیں سردار اختر مینگل کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل پی ڈی ایم کے اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے پی ڈی ایم اتحاد میں پید اہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔