کوئٹہ+کراچی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ‘ مرکزی سیکرٹری اطلاعات چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا حسن بلوچ ‘مرکزی رہنماء واجہ جہانزیب بلوچ نے بلاول ہاوس کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری ‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شیری رحمان سے ملاقات کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم سے متعلق مختلف امور کا بغور جائزہ لیا۔
اور اس بات پر اتفاق کیا کہ جمہوریت ‘ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے پی ڈی ایم میں باہمی احترام او رروداری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مثبت اقدامات کئے جائیں پی ڈی ایم کی یکجہتی اور استحکام غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکنے کیلئے ہے پی ڈی ایم کے وسیع تر مفاد کیلئے اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم باہمی احترام کے ذریعے ایک دوسرے کے خلاف میڈیا میں بیانات ‘ ہرزہ سرائی سے گریز کریں۔
کیونکہ منفی روش سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں اختلافات بڑھنے کا خدشہ ہے بلوچستان نیشنل پارٹی نہیں چاہتی کہ پی ڈی ایم جو سیاسی سوچ و فکر رکھتی ہے اور عوام کے اجتماعی قومی ‘ آئین کی بالادستی ‘ جمہوریت کے فروغ ‘ جمہوری اداروں کے استحکام ‘ سیاست میں مداخلت کی پالیسیوں کے خلاف عملی اور ثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہے یکجہتی اور اتحاد کو کمزور نہ کیا جائے ۔
بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل کا پیغام یہی ہے کہ پی ڈی ایم کی مضبوطی ‘ استحکام ‘ جمہوریت کی وسیع تر مفاد کیلئے ضرورت ہے بی این پی ‘ پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں سے پی ڈی ایم کو متحد رکھنے کے حوالے سے ملاقاتیں کریں گی۔
کوشش ہے کہ پی ڈی ایم اکابرین یکجا ہو کر اسی طرح جدوجہد کرتے رہیں جو وقت و حالات کی بھی عین ضرورت ہے تب ہی ہم ملک میں حقیقی جمہوریت کو پروان چڑھا سکیں گے ملاقات میں جمہوریت کے فروغ کیلئے ہمہ وقت جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔