|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ نواز شریف ضیاء الحق کی باقیات ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں اور ورکروں نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کے لئے جنگ لڑی ہے اور لڑتے رہیں گے۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں جیالوں نے ضیاء الحق کی آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ضیاء الحق کی باقیات آج بھی نواز شریف کی شکل میں موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہر دور میں آمریت کے خلاف جمہوریت کو مستحکم بنانے کے لئے جنگ لڑی ہے اور لڑتے رہیں گے۔

کیونکہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالے ورکروں نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفاد اور جمہوریت کے استحکام کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے لازوال قربانیاں دیکر اپنی جانیں قربان کی ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی شہداء کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔ جس کی بانی قیادت سمیت مرکزی ، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی سطح سمیت ورکروں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے دیکر شہادت کا رتبہ حاصل کرکے ملک میں جمہوریت کی داغ بیل ڈالی ہے۔

اور پیپلز پارٹی کے شہداء کے خون سے ہی آج جمہوریت مضبوط ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ کریں ملک کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام ، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی سمیت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پیپلز پارٹی روز اول سے ہی غریب اور متوسط طبقے کی نمائندگی کرتی رہی ہے۔

اور پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں عوام کو روزگار کی فراہمی اور اداروں کی مضبوطی کے لئے موثر کردار ادا کیا ہے۔ اور پیپلز پارٹی نے پاکستان کی تمام اکائیوں کو صوبائی خود مختاری اٹھارویں ترمیم کی شکل میں دی ہے۔

جس کی بدولت آج تمام صوبے خود مختار ہیں جس سے عوام کو سہولیات میسر آرہی ہیں۔ پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آکر ملک بھر کی طرح بلوچستان سے بھی بے روزگاری اور احساس محرومی کو دور کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔