کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ملک نصیر شاہوانی، احمد نواز بلوچ ارکان نے کہاہے کہ سریاب روڈ توسیع منصوبے میں متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی پر لاجرر کمیٹی بنائی جائے جبکہ اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ معاملے پر توجہ دلائو نوٹس لائیں۔
بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے سپیکر سے استدعا کی کہ سریاب روڈ توسیعی منصوبے سے متعلق آج صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ کی زیر صدارت قائم کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ہے کمیٹی نے اتفاق کیا ہے کہ اس سلسلے میں ایک لارجر کمیٹی بنائی جائے گی جو مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی ۔
احمد نواز بلوچ نے بھی کمیٹی کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پچاس سال سے وہاں کاروبار کرنے والے دکانداروں کو زبردستی بے دخل کیا جارہا ہے جبکہ انہیں چھ سو روپے فی فٹ کے حساب سے دیئے جارہے ہیں جبکہ وہاں مارکیٹ ریٹ ہزاروں روپے ہے ۔ پشتونخوا میپ کے رکن نصراللہ زیرئے نے بھی ملک نصیر شاہوانی اور احمد نواز بلوچ سے اتفاق کرتے ہوئے ۔
لارجر کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ انہوںنے کہا کہ متاثرہ لوگوں کے مطالبات تسلیم کئے جائیں مجھے بھی اس کمیٹی میں شامل کیا جائے ۔بعدازاں سپیکر نے رولنگ دی کہ سریاب روڈ توسیعی منصوبے پر تحفظات کے حوالے سے اراکین جمعہ کے اجلاس میں توجہ دلائو نوٹس لے آئیں اس روز متعلقہ وزیر بھی موجود ہوں گے جو اس حوالے سے وضاحت دیں گے ۔