|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ جام کمال صوبے میں سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ایک وژن رکھتے ہیں اور اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت بے شمار اقدامات کر رہی ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صنعتی و اقتصادی ترقی کیلئے سازگار ماحول ہونا ضروری ہے اور خوش قسمتی سے بلوچستان میں اس وقت بیرونی و اندرونی سرمایہ کاری کیلئے بے حد مفید مواقع دستیاب ہیں۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے تاریخ میں پہلی مرتبہ بلوچستان کی اپنی سرمایہ کاری پالیسی بنائی گئی ہے جو کسی اور صوبے میں موجود نہیں، کاروبارمیں آسانی سے متعلق سیل(Ease of Doing Business Cell) قائم کیا گیا ہے، آن لائن بزنس رجسٹریشن کی سہولت پہلی بار فراہم کی جا رہی ہے، اس مقصد کیلئے کراچی اور اسلام آباد میں دفاتربھی قائم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو ہر ممکن سہولیات اور آسانیاں فراہم کر رہا ہے، جس کے باعث صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔

سرمایہ کار دوست اور اصلاحاتی حکومتی اقدامات کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ بلوچستان میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے، سرمایہ کاروں کیلئے یہ ایک بہترین وقت ہے کہ وہ آگے آئیں اورملکر بلوچستان کے مستقبل کو ایک نئی سمت دیں۔