|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2021

تمپ: تمپ میں بجلی کی فراہمی بند کرنے کے خلاف مشتعل عوام کا لیویز تھانہ کے سامنے دھرنا، تحصیل انتظامیہ کی موجودگی کامیاب مزاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا، تمپ کے تینوں فیڈر میں ایک ہی ہفتے کے دوران دو دفعہ بجلی کی فراہمی بند کرنے کے خلاف مشتعل عوام نے ہفتے کے روز لیویز تھانہ کے سامنے شدید احتجاج کیا۔

مظاہرین نے کیسکو انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی، مظاہرین نے کہا کہ ایس ای کیسکو مکران اور ایس ڈی او کیسکو تمپ کی طرف سے جان بوجھ کر بجلی کی فراہمی بند کردی جاتی ہے جس سے لوگوں کو سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے دوسری بار تمپ کی تینوں فیڈر میں بجلی کی سپلائی بند کرکے لوگوں کو زہنی ازیت کا شکار بنادیا گیا ہے۔

احتجاج کے دوران تحصیل انتظامیہ کی طرف سے اے سی تمپ وارث علی نے کیسکو اور عوام کے درمیان کامیاب مزاکرات کرکے بجلی کی سپلائی بحال کرادی، مزاکرات میں یہ طے پایا کہ اگلے ہفتے ایس ای کیسکو تمپ آکر عوام سے ملاقات کریں گے تاکہ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ایک مستقل حل نکالا جائے۔