|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2021

بیلا: بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر بلوچستان کے عوام کا حق ہے اس حق سے دستبرداری کسی صورت میں ممکن نہیں موجودہ حکومت بلوچستان کو مسائلستان کی جانب لے جارہی ہے۔

بی این پی کبھی عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا سردار عطااللہ مینگل اور سردار اخترجان مینگل کی مدبرانہ سیاسی جدوجہد ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے لئے رہی ہے ان خیالات کا اظہار بلوچستان نیشنل پارٹی لسبیلا کے ضلعی صدر بیرسٹر جہانزیب قاسم رونجھو نے ”آن لائن “” سے خصوصی انٹرویو میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی کی تاریخ قربانیوں سے خالی نہیں قائدین اور کارکنان نے سیاسی جدوجہد کے اس کٹھن سفر میں بے شمار قربانیاں دی ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی انہوں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نومنتخب سینیٹر قاسم رونجھو اور بی این بی کے دیگر نومنتخب سینیٹرز ایوان بالا میں بلوچستان کے عوام کی موثر نمائندگی اور ترجمانی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی چھٹی اور گھر جانے کے دن قریب ہیں جنہوں نے عوام بالخصوص بلوچستان کے عوام کو مہنگائی بیروزگاری اور بھوک و افلاس کے سوا کچھ نہیں دیا اور اس وقت بلوچستان کے عوام شدید مایوسیوں اور محرومیوں کا شکار ہیں۔