|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب اور متوسط طبقے کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے پیپلزپارٹی کے قائدین پر الزام تراشی کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے بلوچستان کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا کارکن اس روز قرآن خوانی کا خصوصی انتظام کریں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کے حصول کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں آج ملک میں جو جمہوریت ہے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو اورانکے جیالوں کی قربانیوں کی بدولت ہے پاکستان پیپلز پارٹی اوراسکے قائدین پر الزام تراشی کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں پیپلزپارٹی کے جیالے الزام تراشی کرانے والوں کو جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب اور متوسط طبقے کی جماعت ہے پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی تو اس نے عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے آج ملک میں سلیکٹڈ حکمران قابض ہیں جنہوں نے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج بنادیا ہے عوام کو روزگار اور گھردینے کی بجائے انہیں بے روزگار کیا جارہا ہے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی فیصلے کے مطابق بلوچستان میں بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا کارکن کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے تقریبات کاانعقاد یقینی بنائیں اور شہید ذوالفقارعلی بھٹو اوردیگر شہداء کیلئے قرآن خوانی کا انتظام کریں۔