|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2021

اوستہ محمد: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق رکن قومی اسمبلی و مرکزی کمیٹی کے رکن میر عبدالروف مینگل نے کہا ہے کہ امیر ترین خطے کی عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہیں بلوچستان کے بارے میں اسلام آباد کو اپنی روش تبدیل کرنی ہوگی ان خیالات کا اظہار میر روف مینگل نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔

اس موقع پر بی این پی کے مرکزی رہنماء حاجی محمد رفیق سومرو جاموٹ محمد حنیف بلوچ انجینئر کبیر جان مینگل بی ایس او کے مرکزی کونسلر عبدالمنان بنگلزی اور مرکزی کونسلر جہانزیب بلوچ بھی موجود تھے میر عبدالروف مینگل نے کہا کہ بلوچستان کے نام پر ملک کے دیگر صوبے ترق کر رہے ہیں اور بلوچستان کو پسماندگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جو کہ بلوچ قوم کے ساتھ ظلم و ناانصافی کے مترادف ہے۔

جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھانے و بلند بانگ دعووں سے ورغلایا نہیں جا سکتا اسلام آباد کے حکمرانوں کو اپنی روش تبدیل کرنی ہوگی بلوچستان کی مظلوم عوام کو ان کے ساحل وسائل پر اختیار دینے ہونگے میر عبدالروف مینگل نے مزید کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں مظلوم عوام کی حقیقی ترجمانی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیازی اور جام عوام کو ڈلیور کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے عوام پیزار ہو چکی ہے عوام سرکاری ملازمین اور مزدور طبقہ نااہل حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی عوامی تحریک سے قبل نااہل حکمران عوام اور سرکاری ملازمین کی تحریک سے خوفزدہ ہوکر گھروں کو لوٹ جائیں گے۔

میر عبدالروف مینگل نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جعفرآباد نصیرآباد و جھل مگسی بلوچستان کا گرین بیلٹ اور اناج گھر ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے بلوچستان کا نہری نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زرعی پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے بنجر ہو کر سہرا میں تبدیل ہو چکے ہیں اور نصیر آباد ڈویڑن کے کاشتکار و زمیندار سراپا احتجاج میں ہیں۔

لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی میر عبدالروف مینگل نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کاشتکار و زمینداروں کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی میر عبدالروف مینگل نے کہا کہ نظریاتی کارکنوں کی محنت اور قربانی کی وجہ سے آج بلوچستان نیشنل پارٹی نصیر آباد ڈویڑن میں مضبوط قلعہ بن چکا ہے نصیر آباد ڈویڑن کی عوام نام نہاد سیاستدانوں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتا ہے۔