کوئٹہ: کورلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر میرعبدالرؤف رند نے کورہیڈکوارٹرکوئٹہ میں تفصیلی ملاقات کی، ملاقات کے دوران مکران کی علاقائی صورتحال،امن وامان سمیت دیگر امور پرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا، میرعبدالرؤف رند نے کمانڈر 12 کورلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سے درخواست کی کہ پسماندہ اوروہ علاقے جو شورش زدہ علاقے رہے ہیں۔
انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے ان علاقوں کوسڑکوں کے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ضرورت ہے جس پر اتفاق کیاگیا اور اہم شاہراہوں اورروٹس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا ۔
جن سے پسماندہ وشورش زدہ علاقوں کے عوام کو فائدہ پہنچ سکے اورمستقبل مین علاقائی ترقی کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند ہوں، کمانڈر 12 کور نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ ساؤتھ بلوچستان ترقیاتی پیکیج سے مکران کے پسماندہ علاقوں کی پسماندگی کاخاتمہ کرکے انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کیاجائے۔
تاکہ ان علاقوں کے عوام بھی ترقی وخوشحالی کے سفر میں شامل ہوسکیں، ملاقات کے دوران صوبہ کے ساحلی علاقوں کی ترقی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا، ملاقات کے بعد میرعبدالرؤف رند نے کمانڈر 12 کورلیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کو سووینیر پیش کیا۔