|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2021

اسلام آباد: گورنر بلوچستان جسٹس(ر) امان اللہ خان یاسین زئی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو صوبہ میں وفاقی اداروں کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی۔

گورنر بلوچستان کی وفاقی اداروں کے اعلیٰ افسران کی اجلاسوں میں شرکت نہ کرنے اور عدم تعاون کی شکایات وزیراعظم کی جانب سے اعلیٰ افسران پر اظہار برہمی ، گورنر کی شکایت حل کرنے اور عوامی فلاح کے اجلاسوں میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہفتہ کے روز بلوچستان میں سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے حل اور وفاقی اداروں کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی ۔

وفاقی اداروں کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے وزیراعظم کو ارسال کی ۔ گورنر بلوچستان کی جانب سے وزیراعظم کو وفاقی اداروں کے اعلیٰ افسران کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی شکایت بھی کی ۔ گورنر بلوچستان کی شکایت پر وزیراعظم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے تمام متعلقہ اعلیٰ افسران کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وفاقی اداروں کے اعلیٰ افسران کو اجلاسوں میں شرکت لازمی یقینی بنائیں ۔

وزیراعظم آفس کے مطابق صوبہ بلوچستان میں 17وفاقی اداروں کے افسران ڈیش بورڈز کا جائزہ لیا گیااور سہ ماہی رپورٹ میں بلوچستان میں وفاقی اداروں کو 11ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں ، 90فیصد شکایات حل کی گئیں اور عوام کی جانب سے 37فیصد اطمینان کا اظہار کیا گیا۔