کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع اورجنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جام حکومت صوبے کے مسائل حل کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے، ملازمین اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی بھر پور حمایت کرتے ہیں، صوبہ چلانے والے یہی ملازمین ہیں جب وزراء اپنے مراعات کیلئے اعلانات کرتے ہیں۔
تو غریب ملازمین کے تنخواہوں میں اضافہ کیوں نہیں کیا جاتا، صوبے میں حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے یہ بے حس اور نالائق حکومت ہے جو عوام اور سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہے روزانہ کی بنیاد پر گیس بجلی اور اشیا خوردنوش کی قیمتیں بڑھا رہے ہیں مگر تنخواہوں میں 3سال سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام شروع دن سے اس سلیکٹڈ اور نالائق حکومت کو تسلیم نہیں کیا ہے کیونکہ ہم سمجھے ہیں کہ یہ سلیکٹڈ اور ناکام حکومت کسی بھی طرح عوامی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے جب تک موجودہ حکومت کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہونگے ،انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کی ترجمانی کی ہے۔
اورکرتے رہیں گے جمعیت علما اسلام عید کے بعد اس ناکام اور سلیکٹڈ حکومت کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلائے گی جب حکومت پر اپنے ہی سرکاری ملازمین اعتماد نہیں کرتے تو عوام کیسے اس نالائق اور سلیکٹڈ حکومت پر اعتماد کرینگے صوبائی حکومت کا سرکاری ملازمین کو دھمکی دینا جمہوری اور صوبے کے روایات کے برخلاف ہے اور اس کے خلاف ہم ہر حد تک جائیں گے ۔