|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2021

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر وصوبائی وزیر تعلیم سرداریارمحمدرند نے کہاہے کہ محکمہ کیسکو کی نااہلی سے بلوچستان کا ہرشخص مشکلات سے دوچار ہیں ،پچھلے سال وزیراعظم کی جانب سے 9ارب روپے کیسکو کو ادا کی گئی لیکن ایک بار پھر صوبے کے عوام بالخصوص زمینداروں پر بجلی بند کردی گئی ہے جس سے زمینداروں کو اربوں روپے کانقصان ہواہے۔

زمینداروں کے جائز مطالبات فوری طورپر حل کئے جائیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کیا۔ سردار یارمحمدرند نے کہاکہ زمینداروں کے جائز مطالبات فوری طورپر حل کئے جائیں محکمہ کیسکو کی نااہلی کی وجہ سے عوام اور زمینداروں کو مشکلات کاسامناہے ،کوزیراعظم کی جانب سے پچھلے سال 9ارب روپے کی رقم ملنے کے باوجود بلوچستان میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ بحیثیت زمیندار بلوچستان کے زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔بلوچستان میں لوگوں کی زندگی کا دارومدار زراعت کے شعبے سے وابستہ ہے ۔

محکمہ کیسکو کی لاپرواہی سے آج بلوچستان میں زراعت کا شعبہ تباہی کے دہانے پر ہے ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے زمینداروں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ سیزن میں زمینداروں کو ہونے والے نقصانات سے بچا جاسکے ۔