کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن سابق صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان ایمپلائز گرینڈ الائنس کے احتجاج اور مطالبات جائز ہیں، پیپلز پارٹی انکی مکمل حمایت کرتی ہے، حکومتی پالیسیاں ہر سطح پر ناکام ہوچکی ہیں، مسائل حل ہونے اور ملازمین کی تنخواہیں بڑھنے کی بجائے اراکین اسمبلی کی کرپشن ، کمیشن میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ میر صادق عمرانی نے کہا کہ ملک میں کا مہنگائی کا دور دورا ہے گیس بجلی کے بلوں ادویات اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں 300فیصد اضافہ ہوا ہے ،حکومت مہنگائی کنڑول کرنے میں ناکام ہے، ملک کے ایئر پورٹ گروی کردئیے گئے ہیں، پاکستان اسٹیل ملز سے 4500ملازمین کو برخاست کر کے بے روزگار کردیا گیا ہے۔
حکومت کی پالیسی ہرسطح پر ناکام ہوچکی صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جو واویلہ ہے دراصل کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہے ماسوائے کرپشن اور اراکین اسمبلی کے ترقیاتی اسکیموں میں رائلٹی کے نام پر کمیشن میں اضافہ ہوا ہے صوبے میں تمام ترقیاتی کام کاغذی اور اقرباء پروری عروج پر ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر کے تمام سرکاری ملازمین تین روز سے سراپا احتجا ج ہیں۔
صوبے میں تمام سرکاری دفاتر بند ہیں اور دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں حکومت فوری طور پر ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت ریت کی دیوار پرکھڑی ہے۔
جبکہ ملازمین سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے اگر ملازمین نے حکومت کو ایک جھٹکا دیا تو یہ ریت کی دیواریں گر پڑے گی ملازمین کے گرینڈ الائنس کے سامنے حکومت گٹھنے ٹیکنے پر مجبور ہوگی پیپلز پارٹی ملازمین کے 19نکات کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔