|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ سرکاری ملازمین کا حق ہے حکومت معاملات کو الجھانے کی بجائے فوری طور پر ملازمین کے ساتھ مذاکرات کرکے تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ ملازمین کی بے چینی کودور اور احتجاج کو پر امن طور پر ختم کیا جاسکے ۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران ملک میں مہنگائی کا سونامی آیا ہے جس نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے ملازمین میں سے زیادہ تر لوگ متوسط طبقے کے لوگ ہیں جو نہ تو عالی شان بنگلوں میں رہتے ہیں اور نہ ہی شاہانہ طرزپر زندگی بسر کرتے ملازمین کا انحصار تنخواہوں پر ہی ہے جن میں گزشتہ دو سالوں سے اضافہ نہیں ہوا جبکہ مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں وفاق میں بھی ملازمین نے احتجاج کیا جس پر وفاقی حکومت نے نہ صرف 25فیصد الائونس دیا بلکہ صوبوں سے بھی اسی طرز پر اضافے کی سفارش کی مگر تین ماہ گزرنے کے باوجود بھی بلوچستان میں وفاق کی سفارش پر عمل نہیں ہوا جسکی وجہ سے آج صوبے بھر کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ملازمین کے احتجا ج کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر ملازمین کی نتخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ دیگر جائز مطالبات کو منظور او ر اس پر فوری عملدآمد کو یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی صورت انہیں تنہا نہیں چھوڑیگی ۔