کوئٹہ: کوئٹہ پریس کلب کے انتخابات میں جرنلسٹ پینل نے کلین سوئپ کرتے ہوئے تمام عہدیداروں اور مجلس عاملہ کی نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ، عبدالخالق رند صدر جبکہ بنارس خان جنرل سیکرٹری منتخب ، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پریس کلب کے انتخابات برائے سال2021-23منگل کو چیئر مین الیکشن کمیٹی نادر چھلگری ایڈوکیٹ کی سرپرستی میں منعقد ہوئے۔
انتخابات میں کل 129ووٹرز میں سے 122نے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے 6عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے 8ارکان کا انتخاب کیا۔ پولنگ کا سلسلہ مکمل ہونے پر چیئر مین الیکشن کمیٹی نادر چھلگری ایڈوکیٹ نے نتائج کا اعلان کیا نتائج کے مطابق جر نلسٹ پینل کے عبدالخالق رند 90ووٹ حاصل کرکے صدر منتخب جبکہ انکے مد مقابل پروگریسو پینل کے شاہ حسین ترین 31حاصل کر سکے۔
جرنلسٹ پینل کے بنارس خان 80ووٹ حاصل کر کے جنرل سیکرٹری منتخب جبکہ انکے پروگریسو پینل کے خیر محمد بلوچ 38ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے اسی طرح جرنلسٹ پینل کے افضل مغل78ووٹ لیکر سنیئر نائب صدر، اعظم علفت 78ووٹ لیکر نائب صدر، عبداللہ زہری بلامقابلہ سنیئر جوائنٹ سیکرٹری ،بلال اعوان 86ووٹ لیکر جوائنٹ سیکرٹری اور نور العارفین 81ووٹ لیکر فنانس سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔
انتخابی نتائج کے مطابق مجلس عاملہ کی 8نشستوں پر 14امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جن میں جرنلسٹ پینل کے حاکم علی 104، کیلون 97، سید علی شاہ 86، امین اللہ مینگل اور غضنفر 84,84،آصف بلوچ اور ابرار احمد 83،83اور محمد اکرم 80ووٹ لیکر مجلس عاملہ کے ارکان منتخب ہوگئے جبکہ مجلس عاملہ کے انتخابات میں ایک ووٹ مسترد بھی ہوا۔
انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد چیئر مین الیکشن کمیٹی نادر علی چھلگری ایڈوکیٹ نے پریس کلب کے تمام نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب میں انتہائی منظم انداز میں انتخابات ہوئے جس پر پریس کلب کے تمام ارکان مبارکباد کے منتخب ہیں ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ یہ امر اطمینا ن بخش ہے کہ کوئٹہ پریس کلب نے اپنی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے۔
انتہائی خوش اصلوبی سے انتخابات کا مرحلہ مکمل کیا امید ہے کہ پریس کلب کے تمام نو منتخب عہدیدار صحافی برادری کی بہتری کیلئے اپنے فرائض منصبی ادا کر یں گے ۔کوئٹہ پریس کلب سابق صدر رضا الرحمن نے کہا ہے کہ کوئٹہ پریس کلب نے ہمیشہ روایت کو برقر ار رکھا ہے تمام دوستوں جنہوں نے جرنلسٹ پینل کے حق میں ووٹ دیا انکے شکرگزار ہیں ہار جیت انتخابات کا حصہ ہے ۔
ہمیں ملکر صحافی برداری کے لئے کام کرنا ہے ،کوئٹہ پریس کلب کے نو منتخب صدر عبدالخالق رند نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب صحافیوں کا مشترکہ گھر ہے جس کی فلاح و بہبود کے لئے ہم سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔
صحافیوں نے کوئٹہ پر یس کلب کی تعمیر سے لیکر اسکی ترقی تک ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ساتھ ہی پریس کلب نے بھی ہمیشہ صحافیوں کے اجتماعی مفادات کی جدوجہد کی ہے اور یہ امر تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا ۔