کوئٹہ: جمعیت علما ء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں کرپشن کرنے والے بالآخر منظر عام پر آگئے اب احتساب کے ادارے جہانگیر ترین سمیت ان تمام کرپٹ عناصر کا احتساب کریں جنہوں نے ملکی خزانوں کو بے دردی سے لوٹا ہے ، تین ارب روپے کا حساب اب دینا ہوگا ، شوگراور آٹا مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے جمعیت علما اسلام زمیندار ایکشن کمیٹی کے آج ہونیوالے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
ان خیالا ت ا ظہار انہوں نے پارٹی کے صوبائی دفتر میں جماعت کے عہدیداروں سے اظہار خیال کرتے کیا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ پی ڈی ایم کی جدوجہد رنگ لا رہی ہے ، ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کے خلاف تین ارب روپے کے کرپشن کے الزام میں ایف آئی آر درج کرلی ہے اور اب مزید ان عناصر کے خلاف بھی کرپشن کیسز سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ احتساب ان سب کا کیا جائے۔
جنہوں نے اس ملک کو لوٹا ہے اور سلیکٹڈ وزیراعظم اب اخلاقی طورپر مستعفی ہو جائے کیونکہ ریاست مدینہ میں جب کوئی کرپشن کرتا تو ان کے ہاتھ کاٹے جاتے مگر آج ان کے قریبی دوست کرپشن میں ملوث پائے گئے ہیں مگر ان کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کل تک سابق وزیر خزانہ کو سینیٹ الیکشن میں کامیابی کیلئے جدوجہد کررہے تھے۔
اور آج کرپشن کے نام پر ان کو فارغ کرکے عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دیاگیا ہے سلیکٹڈ وزیراعظم یوٹرن کے ماہر ہے اور انہوں نے ہمیشہ یوٹرن لیکر اقتدار اور سیاست میں بھرپور حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام صوبائی حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہے اور ان کی خراب کارکردگی کی وجہ سے آج گوادر سے لیکر ژوب تک عوام سراپا احتجاج ہے۔
مگر تمام تر حالات کے باوجود سلیکٹڈ صوبائی حکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہے انہوں نے آج ہونے والے زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے قومی شاہراہیں بند ہونے کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کریں۔