کوئٹہ: زمیندار ایکشن کمیٹی کا زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی کی بندش کیخلاف صوبے میں پہیہ جام ہڑتال ،مظاہرین نے 31مقامات پردھرنے دیئے ،قومی شاہراہوں کی بندش سے مسافروں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا دوسری جانب زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے چھ سو چالیس فیڈرز سے صارفین کو چھوبیس گھنٹوں کے دوران صرف ایک گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
پہلے تو ہم لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کرتے تھے اب ہمارا مطالبہ یہ بھی ہے بجلی کی بندش سے زمینداروں کو ہونیو الے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے ۔ جمعرات کے روز زمیندارایکشن کمیٹی نے کوئٹہ ،مستونگ ، منگچر ، قلات ،خضدار،ڈھاڈر ،ڈیرہ مراد جمالی ، پشین ، خانو زئی ، لورالائی سمیت بلوچستان کے 31 مقامات پر لوڈشیڈنگ اور حکومت کی جانب سے کیسکو کو واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے ۔
قومی شاہراہوں پر دھرنادے کر ٹریفک کی روانی معطل کردی ۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و رکن بلوچستان اسمبلی ملک نصیر شاہوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوماہ کے دوران چوتھی مرتبہ صوبے کی بجلی بند کرکے چھ سو چالیس فیڈرز سے صارفین کوچوبیس گھنٹوں کے دوران صرف ایک ایک گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے جس سے زمینداروں کے باغات اور فصلات راکھ کا ڈیر بننے جارہے ہیں ۔
انہوںنے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے گزشتہ سیشن کے دوران میں نے بار بار مطالبہ کیا کہ حکومت ہمیں لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور کیسکو کو واجبات کی ادائیگی کی مثبت یقین دہانی کرائے مگر حکومت یقین دہانی نہیں کراسکی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ستر فیصدلوگوں کامعاشی انحصار زراعت اور گلہ بانی سے ہے بجلی بند کرکے ان لوگوں کے ذریعے معاش کو بھی ختم کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے تو ہمارا مطالبہ تھا کہ زمینداروں کو بجلی فراہم کی جائے مگر اب ہم زمینداروں کو ہونے والے نقصانات کے ازالہ کا بھی مطالبہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بے حس ہے اس حکومت سے نجات کو ہم یوم نجات کے طور پر منائیں گے ۔ خضدار سے نامہ نگار کے مطابق کیسکو کی غیر اعلامیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے ضلعی چیئرمین عبدالوہاب غلامانی کی قیادت میں ضلع بھر سے آئے۔
زمینداروں وڈھ وہیر سے میر محمد رئیسانی ڈاکٹر حسن خان نال سے ارباب بزگر شریف شہزاد محمد ہاشم زیدی سے نورالدین پندرانی محمد اسلم رئیس محمد غلامانی خضدار سے باسط کمال محمد ایوب رحمت اللہ توتک سے ثناء اللہ علی احمد عمرانی زہری سے عبدالغفار نے بھر پور شرکت کی چیئرمین جھالوان زمیندار ایکشن کمیٹی عبدالوہاب کے مطابق کیسکو بلوچستان زمینداروں کے معاشی قتل عام کا براہ راست ذمہ دار ہے۔
زمینداروں کے ساتھ وہ سلوک کررہا ہے جو کسی دشمن کے ساتھ رو انہیں رکھا جاتا زمینداروں کی جانب سے ہر ممکن تعاون کے باوجود شہری علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ جب کہ دیہی علاقوں میں بیس سے بائیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے اس دوران کبھی بجلی کی فالٹ کا بہانہ بناکر غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ بھی کی جاتی ہے زمیندار ایکشن کمیٹی کے صوبائی قائدین نے بارہا کیسکو حکام کو اپنے مسائل و مشکلات سے آگاہ کرتے رہے ۔
لیکن کیسکو حکام نے ہمیشہ ہمیں دھوکہ میں رکھا انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں صوبے میں لوگوں کا ذریعہ معاش زمینداری پر منحصر ہے اس وقت ہمارے زمیندار سبزی منڈی کراچی کے لاکھوں روپے کا قرض دار ہیں ہمارے بچوں کا بھی رزق ان ہی فصلات سے جڑی ہوئی ہے لیکن کیسکو کی زمیندار کش پالیسی نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کیسکو نے صوبے میں زمینداروں کی معاشی قتل عام بند نہ کیا تو ہم کیسکو کے خلاف ہروہ قدم اٹھا نے پر مجبور ہونگے جس کا وہ تصور تک نہیں کرسکتا جس میں بلوں کی مکمل عدم ادائیگی پر امن احتجاج اور دفاتر کا گھیراؤ بھی شامل ہے عبدالوہاب غلامانی نے صوبائی حکومت سے پرزور اپیل کی کہ وہ کیسکو کی زمیندار کش پالیسی نوٹس لیں اور زمینداروں کو نان شبینہ کی محتاجی سے بچائیں۔