|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2021

کوئٹہ: پاک سرزمین پارٹی بلوچستان کے صدر میر شمس مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل خاموش بیٹھ جانے سے حل نہیں ہونگے بلکہ اس کے لئے ظالم اور جابر حکمرانوں کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا صوبہ کے نوجوانوں کو سیاسی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اوربلوچستان کی ترقی کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی صوبہ کو درپیش مسائل اور پسماندگی کا خاتمہ باصلاحیت نوجوان ہی کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رہنماء شیر خان موسیٰ خیل اور اسامہ بلوچ کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر بلوچستان ہاؤس میں بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے ذمہ داران جہانزیب موسیٰ خیل‘ شازیب بنگلزئی‘ ایازمینگل و دیگر بھی موجود تھے میرشمس مینگل نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے۔

اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاک سرزمین پارٹی کو بلوچستان میں فعال کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال کی قیادت میں بلوچستان کے مسئلہ کے حل کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نوجوان قیادت کی صلاحیتوں پر یقین رکھتی ہے بلوچستان کی پسماندگی اور مسائل کا خاتمہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوان ہی کر سکتے ہیں۔

ظالم حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں سے صوبہ مسائلستان بن گیا ہے خاموش بیٹھنے سے مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ اس کے لئے وقت کے حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا بلوچستان پسماندہ ضرور ہے مگر یہاں کے نوجوانوں کو اختیار دینے تک پاک سرزمین پارٹی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور نوجوان قیادت کو آگے آنے کے مواقعوں کی فراہمی سے ہی بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے اور قائد پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال کی قیادت میں ہم یہ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔