|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیرو رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کشمیریوں کے خون کا سودا کرکے بھارت سے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں بھارت سے چینی منگوا نا سلیکٹڈ حکومت نے کشمیریوں کے خون کا سودا کرنے کے مترادف ہے، اور 2روپے کلو سستی چینی کیلئے کشمیر کا سودا کرنا انتہائی احمقانہ عمل ہے۔

حکومت کے رویہ اور فیصلے دیکر افسوس ہوتا ہے کہ کس طرح حکمران ملک اور عوام پر مسلط ہیں کشمیریوں کے عوام نے تحریک آزادی کیلئے بہت بڑی قربانیاں دی ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی اب سلیکٹڈ حکومت کی اصلیت سب کے سامنے ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے صوبائی دفتر میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت اپنے ناکام پالیسیوں کو چھپانے کیلئے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے اب تو بھارت سے چینی منگوانے اور بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ثابت ہوگیا ہے کہ دو روپے سستی چینی کیلئے سلیکٹڈ حکومت نے کشمیریوں کے ستر سال کے قربانیوں اور ان کے خون کا سودا کرکے ان کے آرمانوں کے ساتھ کہلواڑ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے مودی کو خط لکھا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہئے وزیراعظم نے خط میں اقوام متحدہ کے قراردادوں کا ذکر تک نہیں کیا ہے کیا، سوال یہ ہے کہ چینی اور آٹا بھارت کے علاوہ کسی اور ملک سے نہیں منگوائی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ یہ حکومت سلیکٹڈ ہے اور سلیکٹڈ فیصلے کرکے ملک اور قوم کو بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔