کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت و متفقہ آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وہ عظیم کارنامہ ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا چار اپریل کا آغاز مدتوں گزرنے کے باوجود آج بھی آہوں اور سسکیوں سے ہوتا ہے آج کے دن ایک ناکردہ گناہ کی پاداش میں محکوم و افلاس زدہ عوام کے حقوق کے لیے۔
آواز بلند کرنے والی عظیم ہستی کی آواز کو اس خوش فہمی پر خاموش کردیا گیا کہ اب یہ عوام کہیں سے نہیں اٹھے گی مگر جس جہد مسلسل کا آغاز قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا وہ وقت اور حالات کے تناظر میں مختلف شکلوں میں استحصال قوتوں کے لیے ایک چیلنج بن گیا بھٹو ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک فلسفے کا نام ہے آج بھی بھٹو سے محبت کرنے والے ہر گلی کوچے میں موجود ہیں۔
اور قیامت تک پاکستان پیپلز پارٹی اور شہید بھٹو کا نام زندہ رہے گا۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ،نائب صدر میر اکبر بنگلزئی،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات میر ریاض شاہوانی، ضلع کوئٹہ کے صدر میر ولی محمد قلندرانی، جنرل سیکرٹری ملک ولی محمد وردگ نے پاکستان پیپلزپارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 42 ویں برسی کے موقع پر جتک ہاوس کوئٹہ میں منعقدہ عائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
دعائیہ تقریب میں پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صدر اشفاق بلوچ،پیپلزلیبر بیورو کے صدر شاہجہان گجر،ڈاکٹر فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالغنی بنگلزئی ودیگر عہدیداروں، سینئر رہنماؤں و کارکنان نے بھی شرکت کی۔انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین نے پاکستان کے عوام کے جمہوری حقوق عوام کی حاکمیت۔
انسانی حقوق اور مسلط کردہ آمریت اور مظالم کے خلاف اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرکے پوری دنیا میں جمہوری جدوجہد کی نئی مثال قائم کی کبھی مادر جمہوریت تو کبھی شہید جمہوریت اور کبھی بھٹو کے قافلے میں شامل ایک ادنی کارکن ان قوتوں کے خلاف برسر پیکار رہا جو بھٹو کی فکری سوچ کو ہی استحصال قوتوں سے نجات کا واحد ذریعہ سمجھتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو عوام کے ہردلعزیز رہنماء تھے وہ کسی کے سامنے جھکے نہ بکے۔
ذولفقار علی بھٹو نے قربانی دے کر ملک کے کروڑوں عوام کی لاج رکھی اور اب بھی پاکستان کے عوام کو ان کے نواسے بلاول بھٹو زرداری سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں انشاء اللہ بلاول بھٹو زرداری حکومت میں آکر ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر آج تک جب بھی اقتدار میں آئی چھوٹے صوبوں کے احساس محرومی کو ختم کرنے کے لیے بھر پور اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ اور نا اہل حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام اپنے بچوں سمیت خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے باہر نکال سکتی ہے انشاء اللہ جلد نا اہل حکمرانوں کو گھر بھیج کردم لیں گے۔ برسی کی تقریب میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی روح کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا اور غریبوں میں لنگربھی تقسیم کیا گیا۔