کوئٹہ: بلوچستان کی قومی شاہراہوں کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان و وفاقی حکام سے ملاقات کے لئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں 12رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے 24مارچ کے اجلاس میں بی این پی کے رکن ثناء بلوچ کی جانب سے عوامی نوعیت کے حامل مسئلے پر صوبے کی قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کا مسئلہ اٹھایا گیا جس پر اپوزیشن ارکان کی جانب سے تحفظات کا اظہارکیا گیا تھا اور ارکان کی جانب سے معاملے کو وزیراعظم کے نوٹس میں لانے اور بلوچستان کی قومی شاہراہوں کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے لئے ملاقات کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ثناء بلوچ نے ایوان میں قرار داد بھی پیش کی جس ایوان نے منظور کیا تھا پیر کو معاملے میں پیش رفت کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں 12رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں صوبائی وزراء میر اسد اللہ بلوچ، میر عارف جان محمد حسنی، نور محمد دمڑ،ارکان اسمبلی بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی، پی این پی عوامی کے سید احسان شاہ۔
پی ٹی آئی کے میر نعمت اللہ زہری، پشتونخواء میپ کے نصر اللہ زیرے، جمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ گہرام بگٹی، بی این پی کے ثناء بلوچ، جمعیت علماء اسلام کے حاجی نواز کاکڑ،ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے قادر علی نائل شامل ہیں۔
کمیٹی وزیراعظم عمران خان سمیت وفاق کے دیگر متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے معاملے کو انکے نوٹس میں لائیگی اور رپورٹ اسمبلی میں جلد از جلد پیش کریگی۔کمیٹی کے قیام کے حوالے سے سیکرٹری اسمبلی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔