|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2021

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ ذاتی مفادات کے لیے بنایا جانے والا اتحاد پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے۔ سب کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔

ملک میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے اور حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتی ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ملک و قوم کو مایوس کیا ہے۔صوبائی اور وفاق کی حکو مت نے ڈھائی سالوں میں عوام کو حد درجہ مہنگائی، غربت،بدعنوانی اور بے روزگاری کے تحفے دیئے ہیں۔ آئندہ بھی ان نااہل ناکام بدعنوان پارٹیوں کی حکومت میں بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آرہی۔

ان حالات میں جماعت اسلامی ہی ملک میں روشنی کی کرن ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے صوبہ بھر میں مہنگائی بے روزگاری بداعنوانی،حکومتی بے حسی کے خلاف بھر پور جلسے کرکے عوام کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔ آج ملک و قوم جن مسائل کا شکار نظر آتے ہیں ان میں ان موروثی جماعتوں کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے اقتدار کی باریاں لگا کر قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران بھی اپنی جماعتوں میں شامل افراد کو ساتھ ملا کر سابقین کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی تبدیلی تباہ کن سونامی بن چکی ہے۔ وزراء میں اخلاقی جرات اور قومی حمیت ختم ہوچکی ہے۔ آئی ایم ایف سے قرض کی منظور ی پر ایک دوسرے کو مبارک بادیں دیتے پھرتے ہیں۔ قوم نے اس سے برے حکمران اور حالات کبھی نہیں دیکھے۔

وزرا کی فوج ظفر موج قومی خزانے پر بھاری بوجھ ہے۔ کفایت شعاری کی پالیسی زمین بوس ہو کر رہ گئی ہے۔ وہی اللے تللے اور پروٹو کول جن پر عمران خان وزیر اعظم بننے سے پہلے سخت تنقید کرتے نہیں تھکتے تھے۔

آج وہ خوداسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں وزیر اعظم کے اردگرد مافیا کا گھیرا ہے۔ چینی چور نظر آتے ہیں تو کبھی آٹا چور۔ پٹرولیم بحران کے اصل ذمہ داران بھی حکومتی صفوں سے برا ٓمد ہورہے ہیں۔