|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ جان لیوا کروناوائرس ایک عالمی وبا ہے اور اب اس کی تیسری لہر کے دوران بھی منبر و مہراب سے بھرپور تعاون اور مدد کی ضرورت ہے. ضروری ہے کہ کروناوائرس کی پہلی لہر کی طرح موجودہ یعنی تیسری لہر کے دوران بھی ذمہ دارانہ کردار کرتے ہوئے اپنی عبادات اور معاملات زندگی میں تمام حفاظتی تدابیر اختیار پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں صوبے بھر کے جید علمااکرام و مشائخ عظام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. واضح رہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے سموار کے روز کوروناوائرس کی تیسری لہر سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کرنے اور عوام کو شعور و آگاہی دینے کے حوالے سے ملک بھر کے جید علمائکرام اور تمام صوبوں کے گورنرز صاحبان کے ساتھ باقاعدہ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔

ویڈیو کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امورنورالحق قادری بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ جسطرح کروناوائرس کی پہلی لہر کے دوران صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جان لیوا کروناوائرس سے بچاو کیلئے ملک بھر کے علماء ومشائخ سے مسلسل رابطے اور مشاورت کے نتیجے میں کامیاب حکمت عملی بنانے کی ایک نئی مثال قائم کی۔

اور اب کروناوائرس سے نمٹنے کے تیسری لہر میں بھی انکی یہ مخلصانہ کاوشیں قابل تحسین ہیں. کوئٹہ سے گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام کے علاوہ صوبائی سیکرٹری بالاچ عزیز، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر شاہنواز علی اور ایڈیشنل سیکرٹری ندیم سمالانی بھی شریک تھے۔