|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالشکور مری نے کہا ہے کہ 25فیصد ڈسپریٹی ریڈکشن الائونس سمیت دیگر جائز مطالبات تسلیم کر کے ملازمین کا دھرنا ختم کرایا جائے۔

ایک بیان میں انہو ں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا اشیائے ضروری کی قیمتوں کے نرخ آسمان پر پہنچ چکے ہیں جس کی وجہ سے متوسط و غریب طبقے کیلئے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران سالانہ اربوں روپے اپنی شاہانہ خرچیوں پر خرچ کر رہے ہیں لیکن تنخواہوں میں اضافہ انہیں بوجھ لگتا ہے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سفید پوش طبقہ سڑکوں پر بیٹھ کر احتجاج کررہا ہے انہوں نے کہا کہ ملازمین کی جدوجہد میں مسلم لیگ ق شانہ بشانہ ہے۔