کوئٹہ: صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے سردار عبد الرحمان کھیتران کی خصوصی ہدایات پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص و مضر صحت خوردنی اشیاء کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں کوئٹہ شہر میں قائم ہوٹلوں کی خصوصی طور پر چیکنگ کی جارہی ہے،بی ایف اے کی مختلف فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے سوموار کے روز کچلاک بازار اور ائرپورٹ روڈ پر مراکز کی انسپیکشن کے دوران باسی گوشت و سبزیاں برآمد ہونے۔
کھانوں میں ممنوعہ چائینیز نمک کے استعمال اور صفائی کے نامناسب انتظامات پر دو فوڈ پوائنٹس سمیت ایک ہوٹل پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔بی ایف اے حکام نے علاقوں میں موجود متعدد ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے پنیر (CHEESE) اور مصالحہ جات کے نمونے بھی لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے حاصل کیے۔
علاوہ ازیں متفرق کھانے پینے کے مراکز کی چیکنگ کے دوران دو گوشت کی دکانوں کو گندگی و دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے، ایک ملک شاپ کو غیر معیاری و ملاوٹی دودھ جو موقع پر ٹیسٹ کیا گیا کی فروخت جبکہ ایک بیکنگ یونٹ کو بیکنگ ایریا میں گندگی، غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور مجموعی طور پر صفائی کی خراب صورتحال پر جرمانہ کیا گیا۔