کوئٹہ: جھالاوان عوامی پینل کے رہنمائوں میر عبدالغفار مینگل، میر عرفان مینگل نے کہا ہے کہ خضدار میں جھالاوان عوامی پینل کے رہنماء رئیس صادق کے گھر پر دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہیں انتظامیہ ملزمان کے خلاف کاروائی عمل میں لائے، سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھے ایک تنظیم خضدار میں حالات خراب کر رہی ہے، عوام کے حقوق کی بات کرنے والے نے صرف اپنے اثاثے بڑھائے ۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بلوچستان پر اپنوں کے روپ میں غیروں کے پیروکار بلوچ عوا م کو اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر استعمال اور کشت و خون و بد امنی کی جانب دھکیل رہے ہیں جھالاوان عوامی پینل کے رہنماء رئیس صادق کے گھر پر دستی بم حملہ قابل مذمت ہے۔
انتظامیہ اس میں ملو ث عناصر کو فور ی طور پرگرفتار کرے انہوں نے کہا کہ چند سیکولر قوم پرست عناصر کو بظاہر غم خواربنتے ہیں مگر دراصل وہ ڈیتھ اسکواڈ ذ کی صورت میں بے گناہوں کا خون بہانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے اپنی کی جماعت کے رہنما ء جان محمد گرگناڑی کو اغواء کروایا گیا اور صوبے بھر میں اسکا واویلہ کیا گیا آج وہ الزامات دھرے کے دھرے ہیں اور آج تک سیاسی جماعت کے کارکن جو مغوی کی بازیابی پر پر افشاں ہوئے۔
ان پر آج تک ایف آر درج نہیں ہوسکی انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سارونہ میں ٹرک ڈرائیور کے قتل میں بھی یہی عناصر ملوث ہیں اور انکا یہ سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو تقریروں کی نہیں عملی کام کی ضرورت ہے جو مذکورہ سیاسی جماعت نے نہیں کئے جھالاوان عوامی پینل سیاسی طور پر اس جماعت کے متبادل بننے کے ساتھ ساتھ صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریگا ۔