|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ قائم و دائم ہے سلیکٹڈوزیراعظم پی ڈی ایم کی بجائے اپنی فکر کریں ،جہانگیر ترین اب سلیکٹڈ وزیراعظم سے بہت دور چلے گئے عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ کر جمہوری نظام کو نقصان پہنچایا ہے جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کرتی رہے گی۔

اقتدار ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتا مردم شماری کے نتائج کو فوری طور پر جاری کیا جائے ناکام اور سلیکٹڈ صوبائی حکومت مردم شماری کے نتائج کے بارے اب تک کسی کو آگاہ نہیں کیا ،صوبے میں احتجاج پر احتجاج جاری ہے جبکہ سلیکٹڈ وزیراعلی صرف اور صرف ٹوئٹ کرکے حکومت چلارہے ہیں حکومت چلانے کیلئے سیاسی وژن چاہئے مگر ان کے پاس نہ تو سیاسی وژن ہے۔

اور نہ ہی حکومت چلانے کا اختیار ہے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پارٹی کے صوبائی دفتر میں جمعیت علما اسلام کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جس مقصد کیلئے بنایاگیا ہے اس مقصد کو پورا کیا جائے گا جن جماعتوں نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا وہ دراصل اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے دوسروں پر الزامات لگا کر اپنے آپ کو بری الزمہ قراردے رہے ہیں ۔

جمعیت علما اسلام مشکلات حالات میں پی ڈی ایم کو بنایا اور تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض جماعتوں نے پی ڈی ایم کو چھوڑا اور وہ جماعتیں اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی تھیں ، جمہوریت اور ملک چلانے کی جو باتیں کی جارہی ہے یہ دراصل جھوٹ پر مبنی ہے ۔ پی ڈی ایم کا اتحاد تحریک کیلئے ہے انتخابات کیلئے نہیں ہے اور تحریکوں میں وہ لوگ چلتے ہیں جو تمام تر دبائو کو برداشت اور مشکلات کو عبور کرنے کے ساتھ ساتھ کشتیاں جلا کر چلتے ہیں۔

اگر یہ جماعتیں دبائو برداشت نہیں کرسکتی تو یہ ان کی مرضی ہیں ، پی ڈی ایم کی تحریک سے مہنگائی سے نجات ملے گی اور آٹے چینی کی کرپشن سے چھٹکارا ملے گی سلیکٹڈ وزیراعظم پی ڈی ایم کوختم ہونے پر مٹھائیاں تقسیم کرنے کی بجائے اپنے ہی پارٹی کی تقسیم ہونے پر غمزدہ ہو، جہانگیر ترین نے مشکل حالات میں سلیکٹڈ وزیراعظم کا ساتھ دیا مگر وہی سلیکٹڈ وزیراعظم نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد جہانگیر ترین کو دھوکہ دیا ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سرکاری ملازمین سراپا احتجاج ہے اور نالائق حکومت بارہ دن سے نہ سرکاری ملازمین کے مطالبات تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی شہریوں کے مشکلات کو حل کرتے ہیں جمعیت علما اسلام سمجھتی ہے کہ اب وقت ہے کہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں اگر نہیں کرسکتے تو اخلاقی طو رپر مستعفی ہو جائے۔