|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2021

کوئٹہ: سیاسی جماعتو ں اور تاجر رہنماوں نے سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کی دکانوں اورمکانات کو زبردستی گرانے اور مارکیٹ ریٹ کی بجائے 690روپے فی فٹ دینے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ہم ایکشن کمیٹی متاثرین سریاب کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

یہ بات بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی نصراللہ زیرے،بی این پی کے رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ،چیئرمین ایکشن کمیٹی حاجی ولی محمد لہڑی،،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ،چیئرمین تاجران بلوچستان ٹکری حمید بنگلزئی،انجمن تاجران و دکانداران کے صدرامرالدین آغا،جمعیت علماء اسلام کے رہنما میراسحاق ذاکر شاہوانی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈسٹرکٹ صدر میر ولی محمد قلندرانی ،بی این پی کے میر غلام رسول مینگل ،سنی تحریک کے صوبائی صدر علی بلوچ ،حافظ محمد یعقوب ،ایکشن کمیٹی کے حاجی شیراحمد بنگلزئی،حاجی سلام بادینی اور دیگر نے جمعرات کو گاہی خان چوک پر ایکشن کمیٹی متاثرین سریاب کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔بی این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ورکن قومی اسمبل آغاحسن بلوچ نے کہا کہ سریاب روڈ کا سرکاری ریٹ جوکہ 690روپے فی فٹ مقرر کیا گیا ہے۔

متاثرین سریاب کے سراسرزیادتی ہے جسے سریاب کے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بی این پی متاثرین ایکشن کمیٹی سریاب کو ہرممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے۔ پشتونخؤامیپ کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سریاب روڈ کی دکانوں کو زبردستی مسمار کرنے کی پشتونخواملی عوامی پارٹی شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

اورمتاثرین سریاب کے ساتھ یزیادتی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریگی انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی متاثرین کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتی ہے ۔رکن صوبائی اسمبلی احمد نواز بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام خاص طور پر سریاب کے عوام نے ہمیں بڑا مینڈیٹدیا ہے سریاب کے باشعور عوام س کسی بھی زیادتی اورنا انصافی پر بی این پی خاموش نہیں کریگی ہر فورم پر متاثرین سریاب کیلئے آواز بلندکریں گی۔

اورانکے جائز حقوق کے حصول کیلئے ہروقت انکے شانہ بشانہ ہونگے۔چیئرمین ایکشن کمیٹی سریاب حاجی ولی محمد لہڑی نے کہا کہ راتوں رات دکانداروں کو ہراساں کرکے انکی دکانیں مسمار کرنا کہاں کا انصاف ہے اسے ہرگز قبول نہیں کریں گے حکومت متاثرین کو 30ہزار روپے فی فٹ معاوضہ دیکر سڑک کی توسیع کرے،مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ نے کہا کہ تاجروں کو دیوار سے لگانے کی کوشش ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

حقوق کیلئے شٹرڈاون ہڑتال اور پورے صوبے کو بند کریں گے چیئرمین تاجران بلوچستان ٹکری حمید بنگلزئی نے کہا کہ ہم ترقی کے مخالف نہیں مگرترقی کی آڑ میں تاجروں کو بے روزگار نہیں کرنے دیں گے تاجروں کو موجودہ ریٹ کے مطابق معاوضہ دیا جائے اورسڑک کی توسیع کا کام کیا جائے اپنے حقو ق سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے ۔امرالدین آغا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متاثرین کو معاوضہ دیئے بغیر دکانیں اور مکانات گرانے کی مذمت کرتے ہیں۔

ہم حکومت کی جانب سے دیا جانے والا سرکار ی ریٹ مسترد کرتے ہیں اورمطالبہ کرتے ہیں کہ دکانداروں اورمکانات کے مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ایکشن کمیٹی متاثرین سریاب نے گاہی خان چوک کو رکاوٹیں کھڑی کرکے ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔