تربت: بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار تربت زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یونیورسٹی آف تربت پبلک لائبریری 3 ماہ سے بند اور طلباء اور طالبات پریشان، یونیورسٹی انتظامیہ اب تک اسٹوڈنٹس کو نہ متبادل جگہ دے سکی ہے نہ ہی پبلک لائبریری کی مرمت کی ہے جو طلباء کے ساتھ زیادتی ہے ،پبلک لائبریری تربت کی واحد لائبریری ہے جو 3 ماہ سے مرمت کے لیے بند ہے۔
تربت یونیورسٹی کے پبلک لائبریری میں روزانہ 500 اسٹوڈنٹس پڑھتے تھے مگر لائبریری بند ہونے پر بہت زیادہ پریشان ہیں، المیہ یہ ہے کہ 3 ماہ سے بند لائبریری کی مرمت اب تک شروع نہیں کی گئی جو قابل تشویش ہے، اور یونیورسٹی انتظامیہ کو چاہیے کہ اس ٹھیکدار کے خلاف کاروائی کرے، جس نے پبلک لائبریری کا کنسٹرکشن کیا، لائبریری کو 10سال مکمل نہیں اور چھت گرنے کو ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ میٹرک کیامتحانات اور یونیورسٹی کے امتحانات شروع ہونے والے ہیں ، طلباء اور طالبات اس واحد لائبریری کے بند ہونے پر بہت زیادہ مایوسی کے شکار ہیں کیونکہ لائبریری کے بغیر امتحانات کی تیاری ممکن نہیں، آخر میں ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ طلباء اور طالبات کے اس مسئلے کو جلد حل کرے۔
یونیورسٹی آف تربت پبلک لائبریری کی مرمت شروع کرائے اور جب تک مرمت جاری ہے طلباء اور طالبات کو پڑھنے کے لیے متبادل جگہ دیا جائے، بصورت دیگر بی ایس او پجار طلباء اور طالبات سے مل کر یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرے گی۔