کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے 19نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت فوری طور پر ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرے،پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر دھرنے میں آئے ہیں۔
اور ملازمین کو پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں ،جام کمال خان اپنے کو وفاقی حکومت کا اتحادی کہتے ہیں دوسری جانب وفاقی حکومت کے فیصلے ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام ایدھی چوک پر دھرنا دینے والے بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے رہنما شہزادہ کاکڑ،عزیز ،حیات خان اچکزئی بھی موجود تھے۔
سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ حکومت کے پاس ملازمین کو دینے کیلئے پیسے نہیں ہیںجبکہ وزراء اوراپنے ارکان اسمبلی کو دینے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینادوبھر کررکھا ہے اورعوام اپنے معصوم بچوں سمیت خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیںاور ریاست مدینہ کے حکمران غفلت کی نیند سو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین گزشتہ 11رو زتنخواہوں میں اضافے اوراپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے عبدالستارایدھی چوک پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے وفاق سمیت دیگر تین صوبوں نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
لیکن بلوچستان حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ میں واحد حکومت تھی جس نے بجٹ2020-21ء میں بھی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا۔