|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ پائلٹ فری زون پر پہلے صنعتی کمپنی کا قیام عمل میں لانا خوش آئند ہے، ایچ کے سن کمپنی کا بطور پہلی انڈسٹری کے قیام اور اس کے پہلے شپ منٹ سے صنعتی زون میں عملاً تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

اور یہ مستقبل میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کی بنیاد بنے گا، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان صنعتوں کے فعال ہونے سے گوادر کے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی صدارت میں ہونے والے بی سی ڈی اے کی گوررننگ باڈی اجلاس میں بھی کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔

جن سے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ترقیاتی عمل مزید تیز ہوجائے گااورعوام کو بہترتفریحی وسیاحتی مواقع میسر آئیں گے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا 750کلومیٹر طویل ساحل اپنی دلکشی اور خوبصورتی کی وجہ سے دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے، سیاحوں کو سہولیات ملنے سے پوری دنیا کے سیاح یہاں کا رخ کرینگے۔