|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2021

کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رندنے کہاکہ تحریک انصاف عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے،یوٹیلیٹی اسٹورزمیں عوام کو رمضان پیکیج فراہم کیا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں یوٹیلیٹی اسٹور کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہو ں نے کہاکہ بلوچستان میں یوٹیلیٹی اسٹورزکی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے عوام کو سستے اشیاء کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے اس کمی کو جلد دورکرینگے وفاقی حکومت سے یوٹیلیٹی اسٹورزکی تعدادمیں اضافہ کیلئے کوشش کرینگے وزیر تعلیم نے کہاکہ ملازمین کی ہڑتال کے باعث گزشتہ روز میٹرک کا ملتوی ہونی والا پرچہ آخرمیں لیا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے،سردار یار محمد رند نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں مزید اساتذہ کی بھرتیاں کرینگے جبکہ گلوبل پارٹنر شپ ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت بھرتی کئے گئے اساتذہ کو مستقل کرنے کیلئے راہ ہموار کررہے ہیں۔