|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2021

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بلوچستان ایمپلا ئز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے احتجاج کے باعث میٹر ک کے امتحانات متاثر کئی اضلاع میں پہلا پرچہ نہ ہوسکا، بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا پرچے جاری رکھنے کا اعلان ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں میڑک کے امتحانات کے سلسلے میں آرٹس گروپ کے صبح کے وقت ڈرائنگ اور شام کو لینگویجز کے پرچے ہونا تھے ۔

جو بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے احتجاج کی وجہ سے نہیں ہوسکے کوئٹہ سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں جب امیدوار امتحانات دینے آئے تو وہاں امتحان لینے کے لئے عملہ موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے متعدد سینٹروں میں پرچے منسوخ کردئیے گئے ۔

جبکہ بعض میں معمول کے مطابق امتحانات ہوئے ۔اس حوالے سے رابطہ کرنے پر بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر یوسف بلوچ نے این این آئی کو بتایا کہ میٹرک کے امتحانا ت کے سلسلے میں پہلا پرچہ استاتذہ کے احتجاج کی وجہ سے متاثر ہوا ہے کوئٹہ کے کل 77سینٹرز میں متعدد میں پرچے نہیں ہوئے جبکہ دور دراز علاقوں سے معلومات حاصل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اندازے کے مطابق کوئٹہ کے صبح کی شفٹ میں 45جبکہ شام کی شفٹ میں 60فیصد سینٹرز میں پرچے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ کے اعلان کے مطابق آج اردو کا پرچہ معمول کے مطابق ہوگا جبکہ متاثر ہونے والے پرچوں کے دوبارہ لینے کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان بورڈ کو آج صورتحال واضح ہوجائیگی۔

جس کے بعد غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا تاہم میٹرک کے امتحانات کسی بھی صورت منسوخ نہیں کئے جائیں گے۔