کوئٹہ: قبائلی رہنماءنوابزادہ میر رئیس رئیسانی کی زیر صدارت قبائلی معتبرین کا جرگہ،قبائل کے درمیان تنازعات کے حل کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ نوابزادہ میر رئیس رئیسانی کی زیر صدارت سراوان ہاؤ س کوئٹہ میں قبائلی معتبرین کا غیر رسمی جرگہ منعقد ہوا ۔
جرگے میں صوبے کے حل طلب مسائل پر غور کیا گیا ، جرگہ میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں قبائل کے درمیان جاری تنازعات کے حل کیلئے سراوان ہاؤس اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ان تنازعات کے خاتمہ کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریگا ۔ اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو فریقین سے رابطہ کرکے انہیں تنازعات کے حل کیلئے ثالثانہ کردار ادا کرنے کی پیشکش کریں گی ۔
جرگے میں مستونگ میں لہڑی قبیلے کے درمیان جاری تنازعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر رنج وغم کا اظہار کیا گیا ۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے کہا کہ سراوان ہاؤس نے ہمیشہ صوبے کے حل طلب مسائل کے حل۔
قبائلی تنازعات کے خاتمے ،قبائل اور بردار اقوام کو یکجا کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سراوان ہاؤس قبائلی معتبرین کو ساتھ لیکر مختلف قبائل کے درمیان جاری تنازعات کے پرامن حل کیلئے تمام تر وسائل اور کوششیں بروئے کار لائے گا ۔