پشین: پشین کے گیس صارفین کا اووربلنگ، گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سوئی سدرن گیس کمپنی کے ضلعی دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، مظاہرین نے غلط بلوں کے اجرا اور سوئی سدرن گیس پشین کے عملے کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔
اس موقع پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عنایت اللہ داوی، جمیعت علما اسلام کے رہنما سابق ڈپٹی چئیرمین میونسپل کمیٹی سرانان مولوی محمدعمرجان اور دیگر آراکین نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس پشین نے کم گیس استعمال کرنے کو جرم قرار دیتے ہوئے صارفین کو اووربلنگ کے ذریعے ہزاروں روپے کے بلز بھجوا دئیے، 2 یونٹ صرف کرنیوالے کو پانچ ہزار کے بل تھما دیئے۔
انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس پشین نے ماہ رمضان میں جون سے قبل اپنی ریکوری بڑھانے کیلئے پشین کے گیس صارفین پر اوربلنگ کے ذریعے قیامت ڈھادی، عوام کا جرم یہ قرار پایا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ گیس استعمال کیوں نہیں کرتے ہیں تاکہ محکمہ کو منافع مل سکیں۔
جبکہ دوسری جانب سردیاں گزرنے کے باوجود روزمرہ بنیادوں پر گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم پریشر گیس کی وجہ سے انہوں نے ایندھن کے متبادل ذرائع کا استعمال شروع کردیا ہے۔
جس پر سوئی سدرن پشین نے کم گیس استعمال کرنے پر انہیں ہزاروں روپے پر مشتمل گیس کے بل تھما دئیے ہیں تاکہ اپنی ٹارگٹ منافع کو ریکوری کے ذریعے پوری کیا جاسکیں۔ مظاہرین نے سوئی سدرن گیس پشین کے عملے کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔