|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2021

سبی: ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے آج یہاں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سبی میں سائنسی نمائش کا افتتاح کیا جس میں مختلف سکولوں اور کالجز کے طلباء و طالبات نے سائنسی اشیاء کی مؤثر نمائش کا اہتمام کیا تھا۔

اس موقع پر ایجوکیشن آفیسر راحت حمید، پرنسپل محسن انور ،پرنسپل ماڈل سکول حافظ اسداللہ،محمد جاوید سمیت دیگر اساتذہ کرام بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید سائنسی علوم کے حصول سے روشناس ہونا پڑے گا انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کے سبی کے طلباء نہ صرف تعلیمی میدان بلکہ سائنسی و تکنیکی مہارت میں بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔

تعلیم ہی انسان کو دوسرے انسان سے ممتاز بناتی ہے انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ان کا سنہرا دور ہے اس میں وہ محنت کرکے عظیم کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں جو طلباء و طالبات اس وقت کو ضائع کرتے ہیں انہیں عملی زندگی میں بے پناہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھی انہی کالج سے تعلیم حاصل کر کے آج اس منزل پر ہیں۔

انہوں نے طلبہ و طالبات سے عہد لیا کہ وہ نہ صرف تعلیمی میدان میں دلچسپی لیں گے بلکہ سبی شہر کو ایک خوبصورت شہر بنانے میں ضلعی انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں گے قبل ازیں انہوں نے طلبہ و طالبات کی جانب سے مختلف سائنسی اشیاء کا تفصیلی معائنہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی لی۔