خضدار: یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن خضدار کے ریجنل منیجر عبدالحکیم شاہوانی نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور زبلوچستان کے زونل منیجر عاطف اسلم و ڈپٹی کمشنر خضدار ولی محمد بڑیچ کی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا یوٹیلٹی اسٹورز خضدار کے ریجنل منیجر نے کہا کہ خضدارسٹی کے مختلف علاقوں میں قائم تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء خورد و نوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ آٹا و چینی سمیت تمام ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے یوٹیلٹی اسٹورز کے عملے کی ہر ممکن کوشش ہے کہ کسی تکلیف و دشواری کا سامنا کئے بغیر عوام کو اشیائے ضروریہ بہ آسانی دستیاب ہوں۔
ا نہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سستا بازار لگانے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں جہاں سے عوام رعایتی نرخوں پر خریداری کرسکتے ہیں ۔
حکومتی احکامات و ہدایات کی روشنی میں مختلف 19 اشیاء میں سبسڈی دی گئی ہے مہنگائی کا شکار عوام یوٹیلٹی اسٹورز سے رعایتی نرخوں پر خریداری کرسکتے ہیں یوٹیلٹی اسٹورز ان کی خدمت کے لیئے ہمیشہ تیار ہیں۔