کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ خدمت خلق کا جذبہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سب سے زیادہ کارآمد ہوتا ہے. اس ضمن میں بلوچستان میں اسکاوٹس تنظیم کے ایک نئے انداز میں احیاء اور تمام اضلاع تک وسعت دینے کی اشد ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں بلوچستان بوائے اسکاوٹس کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر آمین اللہ کاسی کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے بوائے اسکاوٹس کے ذمہ دار عہدیداروں اور اسکے رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام سرگرمیوں کو دیگر اضلاع تک وسعت دیں اور ادارے کی مکمل فعالیت کیلئے اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ بوائز سکاؤٹس اور گرلز گائیڈز نہ صرف ایک تحریک ہے بلکہ یہ نئی نسل میں رضاکارانہ جذبہ کو ابھارنے، انسانی عظمت کی بحالی او صحتمند معاشرے کی تشکیل سے متعلق آگاہی کا نام ہے۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ ایک چیف اسکاوٹ کی حیثیت سے اسکاوٹس کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے جائیں گے۔