|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2021

کراچی: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے پیر کو کہنہ مشق صحافی، بنیادی حقوق کے علمبردار اور انسانیت کے مبلغ جناب آئی اے رحمان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سی پی این ای کے صدر عارف نظامی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے مشترکہ تعزیتی بیان میں جناب آئی اے رحمان کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار نے ایک توانا آواز کو کھو دیا ہے۔

اور ان کی وفات پر آزادی صحافت کی جدوجہد کے اس موڑ پر پاکستانی میڈیا کے لئے ایک بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے آئی اے رحمان کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت اور انسانی حقوق کے شعبوں میں ان کا ملکی تاریخ کے معماروں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے یقین کی مثالی قوتوں کا مظاہرہ کیا، ان کے عمل اور تحریروں میں عزیمت تھی، وہ انتہا پسندی، نا انصافی اور تعصب کے خلاف ہمیشہ ڈٹ کر کھڑے رہے۔

سی پی این ای کے رہنماؤں نے کہا کہ جناب آئی اے رحمان کو ان کی نرم طبیعت، شائستہ طرز عمل اور پرجوش دنیاوی نکتہ نظر کی وجہ سے ہمیشہ تحسین و محبت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

جناب عارف نظامی اور ڈاکٹر جبار خٹک نے آئی اے رحمان کے پسماندگان، ان کے ساتھیوں، دوستوں اور مداحوں سے ان کے اس ناقابل تلافی نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔