|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2021

تربت: بارڈر ٹریڈ ایکشن کمیٹی کے وفد کی بارڈر بندش کے مسئلے پر ڈپٹی کمشنر کیچ سے ملاقات، دونوں اطراف پھنسے گاڑیوں اور تین ڈرائیور کی موت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم بھی موجود تھے، بارڈر ٹریڈ ایکشن کمیٹی کے ایک وفد نے جمعہ کے روز محمد اسلم بلوچ، میر شہداد دشتی اور تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست کی سربراہی میں ملاقات کی۔

وفد میں غلام جان شمبے زئی، عبدالصمد یار، نزیر احمد بلوچ، کمبر واحد، رحم دل بلوچ سمیت دیگر شامل تھے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کیچ کو بارڈر میں گاڑیوں پر پابندی اور کئی دنوں سے وہاں پھنسے ڈرائیور کی مشکلات سے آگاہ کیا اور بتایاکہ اب تک بھوک اور پیاس سے تین ڈرائیور موت کا شکار ہوچکے ہیں جو بارڈر کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بااختیار اداروں سے اس بارے میں بات چیت کرکے مسئلے کا مناسب حل نکالے تاکہ تیل برداری میں حائل مشکلات دور ہوسکیں۔

اور بارڈر ٹرید آسانی سے ہو۔ڈپٹی کمشنر حسین جان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر ٹریڈ کے معاملے پر آئی جی ایف سی ملاقات کی ہے جنہوں نے ہمیں بہت جلد مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی ہے، امید ہے کہ آئندہ ایک دو دنوں کے اندر مسئلہ حل ہوگا، انہوں نے کہا کہ بارڈر پر جتنی گاڈیاں پھنسی ہوئی ہیں ان کی واپسی کے لیے بھی ایف سی حکام سے بات کی ہے۔

نوانو اور عبدوی بارڈر پر ہمیں پھنسی گاڑیوں کی واپسی اگلے ایک دو دنوں کے اندر کرانے کی یقین دہانی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی مشکلات کا اندازہ ہے مگر بارڈر ٹریڈ پر کچھ دیگر مسائل ہیں جن کو سمجھنا چاہیے، ایسوسی ایشن کے زمہ دار صبر اور برداشت کے ساتھ معاملات کو ڈیل کریں۔

انتظامیہ ان کے ہر معاملے میں ساتھ ہے بارڈر پر تیل کی بندش سے یہاں معاشی طور پر جو بحران پیدا ہوگا ہمیں اس کا بخوبی اندازہ ہے اس لیے متواتر ایف سی حکام سے اس بارے میں رابطہ جاری رکھا ہے اور بہت جلد ہمیں مثبت اور مناسب پیغام ملے گا۔