|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر بننے والی حکومت نے پونے تین سال میں چار وزیر خزانے تبدیل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، حکومت نے معیشت اور خزانے کو میزویکل چیئر بنا دیا ہے۔

بجٹ سے تین ماہ قبل وزیر خزانہ کی تبدیلی حکومتی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت اگر ملک نہیں چلا سکتی تو استعفیٰ دے دے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پونے تین سال میں چار وزیر خزانہ تبدیل کرکے حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ نہ اس کے پاس کوئی وژن ہے اور نہ ہی کام کرنے کی استعداد کار ایک بار پھر غیر منتخب شخص کو وفاقی وزیر بنادیا گیا ہے۔

جو کہ پوری پارلیمنٹ پر کے کردار پر سوالیہ نشان ہے حکومت نے پارلیمنٹ کو بے توقیر کردیا ہے یہی صورتحال رہی تو ملکی معیشت دیوالیہ ہوکر رہ جائیگی اور حکمران ملک چھوڑ کر فرار ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ معیشت کا مسئلہ حل کرنے کی بجائے اسے مزید خراب کردیا گیا ہے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر وزیر خزانہ تبدیل کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات سمیت دیگر اہم اور حساس محکموں میں بھی صورتحال ابتر کردی گئی ہے حکومت مہنگائی، بے روزگاری ،بھوک اور افلاس ختم کرنے میں یکسر ناکام ہے ایسی حکمرانی سے بہتر ہے کہ حکومت استعفیٰ دیکر گھر چلی جائے اور عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت کو ملک چلانے دیا جائے ۔