|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے وفاقی حکومت کی معیشت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت میں بہتری لانے کے دعویدار سلیکٹڈ حکمرا نوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیاہے ، آئے روز وزیر خزانہ کو تبدیل کیا جا نا اس با ت کی غماز ہے کہ سلیکٹیڈ حکمرانوں میں ملک کو چلانے کی صلاحیت نہیں ،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ عید کے بعد سلیکٹیڈ حکمرانوں کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلائے گی ۔

صوبائی حکومت کی اپوزیشن حلقوں میں غیر منتخب نمائندوں کے ذریعے مداخلت کے خلاف بھی احتجاجی تحریک کا فیصلہ ہو چکا ہے جام کمال اور ان کے اتحادی صوبے کو چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے صوبائی دفتر میں جے یو آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ایک سیا سی اور مذہبی قوت ہے۔

جس نے ہمیشہ عوام کی حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے مگر بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیا ہے جنہوں نے تبدیلی کااشارہ دیکر اقتدار تک پہنچنے کیلئے عوام کی سیڑھی کو استعمال کیا مگر اب عوام کو ریلیف دینے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے اور مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام دووقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ لاک ڈان کے باعث ایک دم غربت نہیں آئی۔

بلکہ نا اہل اور سلیکٹیڈ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے اور اب سلیکٹیڈ وزیراعظم اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے کرونا وائرس اور لاک ڈان کا واویلا کر رہے ہیں مگر اب عوام ان کے باتوں میں نہیں آئینگے اور نہ ہی حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہے انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 3سال میں اتنی حکومت کی کارکردگی نہیں جتنے وزیرخزانہ تبدیل کیئے ہیں۔

جب سلیکٹیڈ حکومت عوام پر مسلط ہوتی ہے تو یہی انجام ہو تا ہے عوامی حکومت کو موقع دیا جائے تو ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پر بھی گامزن ہو گا اور حالات میں بہتری بھی آئیگی انہوں نے کارکنو ں پر زور دیا کہ عید کے فورا بعد سلیکٹیڈ حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کریں اور اب مزید ان نا اہل لوگوں کو مزید اقتدار کرنے کا موقع نہیں دینگے۔