کوئٹہ: صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے حب میں بد امنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی مخالف قوتیں نہیں چاہتیںکہ بلوچستان آگے بڑھے جس کے لئے وہ پے در پے شرپسندی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حب میں دستی بم حملہ قابل مذمت ہے دھماکے میں زخمی ہونے والے معصوم اور نہتے شہریوں کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے انتظامیہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے حب میں امن و امان کی صورتحال کوجلد ہی بہتر بنایا جائیگا ۔