|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ ملک میں نئی مردم شماری کا انعقاد وقت اور حالات کی اشد ضرورت ہے عام انتخابات سے قبل مردم شماری کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے مردم شماری نہ ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ گئے ہیں عیدکے بعد ملک میں سلیکٹڈ حکمرانوں کا خاتمہ ہو جائے گا جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ان تمام تر حالات کو مقابلہ کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔مولانا عبدالواسع نے کہاکہ جن سیاسی جماعتوں نے پی ڈی ایم سے راستے جدا کیے ہیں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے اور آنیوالے انتخابات میں ان سیاسی جماعتوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا کیو نکہ عوام بھی ان کو سلیکٹڈ حکمرانوں کی طرح مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام نے دیوبند ہند سے لیکر آج تک امریکہ اور یہودی لابی کے تمام سازشوں کو ناکام بنایا ہے انہوں نے کہاکہ ماضی سے زیا دہ آج ہمیں اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے کہ ہم ان حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں کیونکہ مدارس نے ہمیشہ پاکستان میں اسلام کی سربلندی کی کے لئے جدوجہد کی ہے اور ہمیشہ ان تمام سازشوں کو ناکام بنایا جن سازشوں کی بدولت یہودی لابی اور امریکہ سازش کرتے رہیں۔

اور بدقسمتی سے 2018کے انتخابات میں ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیاگیا جو آج بھی یہودی لابی کے لئے کام کررہے ہیں مگر جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن اور ہمارے جماعت ان کا مقابلہ کررہی ہے۔

آج جمعیت علما اسلام پر مختلف الزامات لگائے جارہے ہیں مگر ہم ان تمام تر حالات کے باوجود اسے سلیکٹڈ اور نااہل حکمرانوں کا مقابلہ کررہے ہیں ملک میں نئے مردم شماری سے کافی حد تک مسائل حل ہوں گے اور جو علاقے عوامی نمائندگی سے محروم رہے تھے ان کو بھی اپنے مسائل حل کرنے میں اپنا حق ملے گا۔