کوئٹہ: جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی کوئٹہ روٹ کو دورویہ کیاجائے اور ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے پابند بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں آئے روز پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر بلوچستان کے عوام حکمرانوں سے اور اپنی زندگیوں کے مستقبل سے مایوس ہوچکے ہیں۔
نہایت قلیل عرصہ میں سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں یا زخمی ہوکر ہمیشہ کیلئے معذور ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بلوچستان اسمبلی سے قراداد بھی پاس ہوئی ہے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی مولانا سید آغا محمود شاہ مولانا صلاح الدین ایوبی نے بارہا اس جانب وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کروائی تھی کہ کراچی تا چمن اس مصروف اور قومی شاہراہ کو دوریہ کیا جائے۔
یہ شاہراہ کم قتل گاہ زیادہ ہے مگر افسوس دیگر تمام صوبوں کے برعکس یہاں دورویہ سڑک ہے اور نہ موٹر وے انہوں نے کہا کہ دوسری طرف یہی حادثات برادر اقوام کے درمیان دشمنی کے باعث بنتے ہیں۔
اس حوالے سے قبائل کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے انہوں نے کہا کہ ان حادثات کو دیکھ کر وفاقی اور صوبائی حکومت ٹس سے مس نہیں ہوتی صرف زبانی جمع خرچ کے ذریعے عوام کو طفل تسلی دی جارہی ہے جوکہ مناسب نہیں ہے عملی طور پر کام کا آغاز کیاجائے۔