کوئٹہ: تحصیل گوادر کے مختلف موضع جات میں اراضیات کے ریکارڈ میں رد وبدل اور اس کے مختلف افراد کو فروخت و دیگر کا معاملہ ، قومی احتساب بیورو (نیب )بلوچستان نے سابق تحصیلدارگوادر محمد جان بلوچ ، سابق نائب تحصیلداران نور احمد ، آغا ظفر حسین ، سابق قانون گو نور احمد سیاہ پاد ، سابق پٹواری عبدالخالق اور پرائیویٹ شخص اللہ راضی کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کردیاہے ۔
احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منور احمد شاہوانی نے ریفرنس کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سماعت 26اپریل تک ملتوی کردی ہے ۔ نیب بلوچستان کے دائر کردہ ریفرنس میںکہا گیاہے کہ ریفرنس میں نامزد ملزمان نے تحصیل گوادرکے مختلف موضع جات کے ریکارڈ میں ردوبدل کی اس سلسلے میں ان کے دستخطوں کا فرانزک بھی کیا گیا جسے ریکارڈ ٹیمپر کرنا ثابت ہوا ۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ سابق نائب تحصیلدار گوادر نور احمد نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر خسرہ نمبر 400کھتہ /کتونی نمبر 152/152جو 4162مربع فٹ زمین بغیر کو وجوہات ظاہر کئے صوبائی حکومت کے نام سے شاہ بخش نامی شخص کو الاٹ کیا جبکہ سابق تحصیلدار گوادر محمد جان بلوچ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور اراضیات کے ریکارڈ کو ٹیمپر کرتے ہوئے غزروان وارڈ میں دھوکہ دہی سے۔
خسرہ نمبر 406,414,429,453اور 462جو 29060مربع فٹ اراضی بنتی ہے کو ایک لاکھ 53ہزار 7سو 42فٹ ظاہر کیا جسے نامزد ملزمان نے مختلف افراد پر فروخت کیا ۔ ریفرنس میں نامزد سابق نائب تحصیلدار گوادر آغا ظفر حسین پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ ٹیمپر کیا اور غزروان وارڈ کے مختلف خسرہ نمبرات میں اراضی کو زیادہ ظاہر کیا اور اسے مختلف افراد پر فروخت کیا ۔
ریفرنس میں نامزد سابق قانون گو نور احمد سیاہ پاد پر الزام ہے کہ انہوں نے بھی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دیگر آفیسران کے ساتھ مل کر ریکارڈ میں ردوبدل کی اور غزروان وارڈ کے مختلف خسرہ نمبروں کی اراضی کو زائد ظاہر کیا اور اسے مختلف افراد پر بیچا ۔
ریفرنس میں سابق پٹواری عبدالخالق پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ریکارڈ میں ردوبدل کی ۔ گزشتہ روز نیب بلوچستان کی جانب سے احتساب عدالت کوئٹہ میں مذکورہ ملزمان کے خلاف جمع کرائے گئے ریفرنس کو احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منور احمد شاہوانی نے قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سماعت 26اپریل تک کے لئے ملتوی کردی ۔