|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2021

لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت نے فرانس کے سفیر کے معاملے پر جو معاہدہ کیا تھا اسے پورا کرنا چاہیے تھا، ریاستی دہشتگردی کیخلاف سینیٹ میں آواز اٹھائیں گے ،ہم نے تو پیپلز پارٹی کیلئے دعائے خیر کی ہے جہاں رہے سلامت رہے ،پیپلزپارٹی کیوں ناراض ہو گی بلکہ ناراض تو ہم ہیں کہ اس نے اتحاد کے متفقہ فیصلے کی خلاف ورزی کی۔

اتحاد کی پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا اور اس کی سیاسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہم سب سلیکٹڈ کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہے تھے لیکن پیپلز پارٹی نے قائد حزب اختلاف کے عہدے کیلئے انہی سے مدد مانگ لی ۔ گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے اس کی سوچ اور کردار منفی ہے ، جس کی جائیدادیں ہیں یہ اس کی بھی پگڑی اچھالتے ہیں۔

اور جس کی جائیداد یںنہیں ہے اس کی بھی پگڑی اچھالتے ہیں۔جاتی امراء کے انتقالات منسوخ کرنا انتقامی کارروائی ہے ، بتایا جائے حکومت تین سال کیوں خاموش رہی ۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا۔

جس میں آئندہ کی موثر حکمت عملی کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومتی اپوزیشن کا حصہ بھی ہو اور پ ڈی ایم کا حصہ بھی رہے ایسا ممکن نہیں ، ہم نے تو پیپلز پارٹی کے لئے دعائے خیر کی ہے جہاں بھی رہے سلامت رہے ، اس نے اپنے راستے خود بند کئے ہیں ۔