|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان پولٹری ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور بلوچستان پولٹری تاجر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر فوری طور پر پولٹری ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو لوٹنے اور ان سے بھتہ لینے والوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو 20دن کے بعد صوبے بھر میںپولٹری کی سپلائی احتجاجاً بند کردیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار بلوچستان پولٹری ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور بلوچستان پولٹری تاجر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نصیب اللہ بیٹنی ، حاجی محمد ابراہیم ، حاجی راز محمد و دیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پولٹری سے وابستہ تاجر پولٹری مصنوعات کے قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کے باعث شدید مشکلات کے شکار ہیں۔

تو دوسری جانب آئے روز صوبے کے مختلف علاقوں میں پولٹری مصنوعات کی سپلائی کرنے والی گاڑیوں کو لوٹا جارہا ہے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے مختلف روٹس پر چلنے والی پولٹری سپلائی کرنے والی3گاڑیوں کو لوٹ لیا گیا ہے اور گزشتہ رات کان مہترزئی اور مسلم باغ کے درمیان مرغیوں سے لوڈ گاڑی کو نامعلوم افراد نے گن پوائنٹ پر اغواء کرکے مرغیوں سے خالی کردیا۔

اور انہیں 25لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ ایک گاڑی کو کوئٹہ کے نواحی علاقے میاں غنڈی کے مقام پر ڈرائیور سے چھین لی گئی اس دوران مزاحمت پر ڈرائیور کو زخمی بھی کردیا گیا ہے۔

جو اس وقت بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پولٹری مصنوعات کی سپلائی کرنے والی گاڑیوں کو لوٹنے والوں کو گرفتار کرکے ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے بصورت دیگر 20دن کے بعد صوبے بھر میں پولٹری کی سپلائی بند کردیں گے ۔